اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی جانب سے مغربی یمن میں واقع الحدیدہ بندرگاہ پر حملے کے بعد یمن کی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر عمر البخیتی نے کہا کہ سعودی دشمن کی جانب سے الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنانا جدہ اور بحیرہ احمر میں واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہوں کو یمنی مسلح افواج کے لیے جائز اور قابلِ جواز اہداف میں تبدیل کر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے یمنی عوام پر 12 سال سے جاری محاصرے اور بھوک مسلط کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اب الحدیدہ بندرگاہ کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، جو انسانی امداد کی اہم گزرگاہ اور یمنی عوام کی غذائی و طبی ضروریات پوری کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد یمنی عوام کی مشکلات میں اضافہ اور محاصرہ مزید سخت کرنا ہے۔
البخیتی نے مزید کہا کہ یمنی عوام کی واحد اہم انسانی امدادی گزرگاہ کو نشانہ بنانے سے یمن کو ان بندرگاہوں پر حملے کا جواز ملتا ہے جن پر سعودی حکومت انحصار کرتی ہے۔
یمنی عہدیدار نے جدہ بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی دیگر بندرگاہوں کے تمام کارکنوں، ملازمین اور بحری جہاز رانی کی کمپنیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمنی مسلح افواج کی وارننگز کو سنجیدگی سے لیں اور فوری طور پر ان بندرگاہوں کو خالی کر دیں۔
البخیتی نے الشقیق پاور پلانٹ کے کارکنوں اور ملازمین کو بھی فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی اور شہریوں سے کہا کہ وہ اس کے قریب نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صعدہ اور المخا کے بجلی گھروں پر حملوں کے جواب میں یہ پاور پلانٹ یمنی مسلح افواج کا جائز ہدف ہے۔
یمن کی حکومت کے ترجمان نے فضائی کمپنیوں کو بھی دوبارہ خبردار کیا کہ سعودی عرب کی فضائی حدود، مکہ اور مدینہ کے مقدس شہروں کے علاوہ، بدستور غیر محفوظ ہے اور یمنی مسلح افواج کی کارروائیوں کا میدان بن سکتی ہے۔
دوسری جانب یمن کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی حملے کو سعودی عرب کی بڑی حماقت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اسے اس اقدام کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یمن کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے دفاع اور جوابی کارروائی کا مکمل حق حاصل ہے۔ عالمی برادری سعودی عرب کے اس اقدام کا مشاہدہ کر رہی ہے اور یمن کے جوابی ردعمل کو بھی دیکھے گی، لہٰذا اسے اس معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یمن، تشدید کے جواب میں تشدید کی مزاحمتی حکمتِ عملی کے تحت محاصرہ توڑنے کی جدوجہد جاری رکھے گا اور سعودی عرب کو اس کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔
یمن کی جانب سے یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب سعودی عرب نے گزشتہ روز جمعہ کی شام یمنی فوج کی پیشگی وارننگز کے باوجود الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی، جس کا مقصد یمن کا محاصرہ اور عوام پر دباؤ مزید بڑھانا تھا۔
آپ کا تبصرہ